پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے کمرشل پروازوں کے لیے فضائی حدود کی بندش سے متعلق خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دے دیا۔
آپریشن غضب للحق: افغان طالبان کے حملے ناکام، 67 ہلاک
اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹم میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا اور بعض میڈیا رپورٹس میں پاکستان کی فضائی حدود جزوی طور پر بند کیے جانے کی خبریں درست نہیں۔ جاری کردہ اطلاع ایک معمول کی آپریشنل اپڈیٹ ہے۔
نوٹم کے مطابق کراچی فلائٹ انفارمیشن ریجن اور لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن کے اندر مخصوص ائیر ٹریفک سروسز روٹ سیگمنٹس کی عارضی عدم دستیابی کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ پابندی 3 سے 31 مارچ تک روزانہ مخصوص اوقات میں گراؤنڈ سے لامحدود بلندی تک نافذ رہے گی، جو صرف آپریشنل وجوہات کی بنا پر ہے۔
اتھارٹی نے واضح کیا کہ پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر دستیاب، محفوظ اور تمام سول ایوی ایشن بشمول کمرشل پروازوں کے لیے کھلی ہے۔ ائیر ٹریفک سروسز میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی اور متاثرہ روٹس کے لیے متبادل راستے معمول کے مطابق استعمال کیے جا رہے ہیں۔
