کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہر میں ہونے والی پرائس چیکنگ کارروائیوں کی تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق شہر بھر میں پرائس مجسٹریٹس کی جانب سے مجموعی طور پر 309 مقامات پر نیلامی کی گئی، جس کے دوران 1960 کلوگرام اشیائے خورونوش 5 لاکھ 7 ہزار 788 روپے کی مالیت میں فروخت کی گئیں۔
نجات مہران اپریشن میں مطلوب ڈاکو فرحان شاھ راشدی کا سرینڈر
نیلام ہونے والی اشیاء میں 1152 کلوگرام پھل شامل تھے جن کی مالیت 2 لاکھ 59 ہزار 302 روپے رہی، جبکہ 454 کلوگرام سبزیاں اور 102 کلوگرام گراسری آئٹمز بھی شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے نیلام کی گئیں۔ اس کے علاوہ 252 کلوگرام مرغی کا گوشت 2 لاکھ 15 ہزار 560 روپے میں فروخت ہوا اور دیگر اشیاء کی مجموعی مالیت 16 ہزار 724 روپے رہی۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ نیلامی کے اقدامات کے باعث شہریوں کو ماہِ صیام کے دوران ریلیف حاصل ہوا اور گراں فروشی کے خلاف سخت نگرانی جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی تاکہ شہریوں کو بلا تعطل روزمرہ اشیاء فراہم کی جا سکیں۔

