کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ اور کمشنر کراچی کی ہدایت پر ضلع وسطی کی انتظامیہ نے ماہ رمضان المبارک کے دوران گراں فروشوں کے خلاف خصوصی مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم کی سربراہی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر 1 عاسم عباسی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر 2 نیہا شاہ نے ضلع کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا اور سرکاری نرخ کے مطابق اشیائے خورونوش کی فروخت کو یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔
کراچی میں 24 گھنٹوں میں پرائس چیکنگ، شہریوں کو ماہِ صیام میں ریلیف
ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم کی ہدایت کے مطابق تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے متعلقہ سب ڈویژن میں روزانہ کی بنیاد پر گراں فروشوں، ناجائز منافع خوروں اور خود ساختہ مہنگائی پیدا کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران سرکاری نرخ کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے اور عوام کو پھل، سبزی، گوشت، چکن، دودھ اور دیگر اشیاء کو مقررہ سرکاری نرخ پر فراہم کیا گیا۔
عاسم عباسی نے بتایا کہ ضلع وسطی کے تمام بازاروں میں پرائس کنٹرول کیمپ موجود ہیں اور افسران و عملہ عوام کی رہنمائی کے لیے موجود ہیں تاکہ شہری کسی بھی قسم کی گراں فروشی یا ناجائز منافع خوری کی شکایت درج کروا سکیں۔ نیہا شاہ نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کے لیے مشکلات پیدا نہ کریں اور سرکاری نرخ کے مطابق اشیائے خورونوش فروخت کریں۔
ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم نے واضح کیا کہ رمضان میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام افسران اور متعلقہ عملہ دن رات متحرک ہیں تاکہ شہر کے شہری مقررہ نرخ پر اشیاء خورونوش حاصل کر سکیں۔

