دوحہ/کابل — افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے پاکستان کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
آپریشن غضب للحق جاری، 274 طالبان اہلکار ہلاک، 400 زخمی: ڈی جی آئی ایس پی آر
قطر کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں پاک افغان کشیدگی کم کرنے کے ممکنہ طریقوں، خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور سفارتی ذرائع کے مؤثر استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ قطری وزیر مملکت نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تنازعات کو پرامن اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے مؤقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پائیدار امن کے قیام اور کشیدگی میں کمی کے لیے قطر کی مکمل حمایت کا یقین بھی دلایا۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق قطر خطے میں استحکام اور سفارتی حل کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے اور تمام فریقین کو تحمل، مکالمے اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق اقدامات کی ترغیب دیتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ رابطہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں سیکیورٹی صورتحال کشیدہ ہے اور مختلف ممالک کی جانب سے ثالثی اور سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
