راولپنڈی (27 فروری 2026) – وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان افغانستان کی حالیہ کشیدہ صورتحال اور سرحدی تحفظات پر عسکری قیادت نے مفصل بریفنگ دی۔
آرام باغ میں قبضہ مافیا کے خلاف بڑا آپریشن، راستے کلیئر
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور افغان طالبان رجیم کی پاکستان کے خلاف شرپسند کارروائیوں کے لیے حکومت اور افواج پاکستان نے زیرو ٹالرنس اپنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کی بلا اشتعال کاروائیاں ناقابل قبول ہیں اور پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔
شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان کی بھرپور تیاریاں سراہتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے سرحدی علاقوں میں افغان طالبان کے حملوں کو پسپا کرنے میں شاندار پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پوری قوم ارض وطن کے تحفظ کے لیے اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیر اعظم نے واضح کیا کہ حکومت اور فوج ملک کے دفاع، سرحدی سالمیت اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور کسی بھی دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
