کراچی (27 فروری 2026) – کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے تحت کراچی واٹر سیوریج سروسز امپرومنٹ پروجیکٹ میں شامل کے فور پائپ لائن منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے کام کی رفتار مزید تیز کر دی گئی ہے۔ ادارے نے روزانہ دو بڑے پائپ بچھانے کا ہدف مقرر کر دیا ہے تاکہ منصوبہ بروقت مکمل ہو سکے۔
کراچی پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف ٹارگٹڈ کریک ڈاؤن، 5 گرفتار
منصوبے کے تحت بی آر ٹی ریڈ لائن کے ساتھ مشترکہ 2.7 کلومیٹر طویل کوریڈور میں پائپ بچھانے کا کام جاری ہے، جہاں تکنیکی اور حفاظتی پیچیدگیوں کے باوجود کام حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے کہا کہ جاری کھدائی کے باعث مقامی آبادی، دکانداروں، مسافروں اور طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق کے فور منصوبے میں 6 میٹر گہری کھدائی ایسے علاقے میں کی جا رہی ہے جہاں بی آر ٹی تعمیرات کے ساتھ زیر زمین پانی، گیس اور بجلی کی لائنیں موجود ہیں، اور بعض مقامات پر صرف پانچ فٹ تک جگہ دستیاب تھی۔ اس پیچیدہ صورتحال میں عوام اور بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے لیے جدید کھدائی طریقہ کار اپنایا گیا ہے۔ نومبر کے دوران دو مختلف یوٹیلیٹی نقصانات کی وجہ سے کام عارضی طور پر متاثر ہوا، تاہم ٹیم نے صورتحال پر قابو پاتے ہوئے اب تک مجموعی طور پر 36 پائپ بچھانے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔
سی ای او احمد علی صدیقی نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے منصوبے پر خصوصی توجہ اور حالیہ دورے کو سراہا اور کہا کہ کے فور منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ واضح رہے کہ کے فور منصوبہ سندھ حکومت اور واٹر کارپوریشن کا اہم انفراسٹرکچر منصوبہ ہے، جس کے تحت کراچی کو روزانہ 260 ملین گیلن اضافی پانی فراہم کیا جائے گا۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق منصوبے کی روزانہ پیش رفت سے عوام کو آگاہ رکھنے کے لیے ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر باقاعدہ اپ ڈیٹس جاری کی جا رہی ہیں۔
