ابراہیم حیدری میں بڑی کارروائی، کروڑوں مالیت کی اسمگل شدہ شراب برآمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر): صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے سلسلے میں محکمہ نارکوٹکس کنٹرول ملیر سرکل نے ابراہیم حیدری کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک سے اسمگل کی گئی شراب کی بھاری کھیپ برآمد کر لی۔

نو پارکنگ موٹر سائیکلوں سے متعلق ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کا نیا حکم

ترجمان محکمہ ایکسائز کے مطابق کارروائی کے دوران مختلف برانڈز کی تقریباً 3000 انگریزی شراب کی بوتلیں اور بیئر کین قبضے میں لی گئیں جن کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔ چھاپہ مار ٹیم کے پہنچتے ہی اسمگلرز اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم برآمد شدہ سامان تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے کامیاب کارروائی پر چھاپہ مار ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ خفیہ معلومات کے نیٹ ورک کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی یقینی بنائی جا سکے۔

صوبائی وزیر نے اس آپریشن میں تعاون پر پاکستان نیوی کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاون سے منشیات اور اسمگلنگ کے ناسور کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

حکام کے مطابق علاقے میں مزید چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

60 / 100 SEO Score

One thought on “ابراہیم حیدری میں بڑی کارروائی، کروڑوں مالیت کی اسمگل شدہ شراب برآمد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!