ضلع ملیر کے علاقے گڈاپ سٹی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے نتیجے میں دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
لیاری میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ کومبنگ آپریشن، گھر گھر تلاشی اور مشتبہ افراد کی چیکنگ
پولیس کے مطابق تھانہ گڈاپ سٹی کی ٹیم دورانِ پیٹرولنگ مین سپر ہائی وے پر واقع Pakistan State Oil (پی ایس او) کے چکوال پیٹرول پمپ کے قریب پہنچی تو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران دونوں ملزمان زخمی ہو گئے اور انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت زہیب وارث ولد وارث گجر (عمر تقریباً 24 سے 25 سال) اور راشد جاوید ولد راشد (عمر تقریباً 28 سے 30 سال) کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو عدد 9 ایم ایم پستول بمعہ 6 راؤنڈ، دو موبائل فونز اور ہنڈا 100 موٹر سائیکل نمبر KTK-5778 برآمد کی گئی۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ برآمد ہونے والی موٹر سائیکل Malir Cantonment کی حدود سے سرقہ بالجبر کی واردات میں چھینی گئی تھی۔
زخمی ملزمان کو فوری طبی امداد کے لیے Abbasi Shaheed Hospital منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ان کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف ضابطے کے مطابق مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ایس ایچ او تھانہ گڈاپ سٹی کے مطابق واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں اور ممکنہ ساتھیوں کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔

