انسداد دہشتگردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں ایک بار پھر علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ کیس کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔
لاہور ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ، ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کے زمینوں پر قبضے سے متعلق تمام فیصلے کالعدم
سماعت کے دوران عدالت نے علیمہ خان اور ان کے وکیل کی مسلسل غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیے کہ عدالتی کارروائی میں بلاوجہ تاخیر برداشت نہیں کی جا سکتی۔ عدالت نے ملزمہ کے ساتھ ساتھ ان کے دو ضامنوں کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان جان بوجھ کر ٹرائل میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وارنٹ جاری ہونے کے باوجود ملزمہ عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں اور بار بار التوا کی درخواستوں کے ذریعے عدالتی عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پراسیکیوٹر کے مطابق مقدمہ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور استغاثہ کے دو گواہان پر جرح باقی ہے، تاہم ملزمہ کی عدم پیشی کے باعث کارروائی مکمل نہیں ہو پا رہی۔
عدالت نے پولیس کو وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
