کراچی: ضلع کورنگی پولیس نے اسٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایس ایس پی کورنگی کے مطابق تھانہ زمان ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران ملزم نورالامین عرف چیئرمین ولد ایم حسین کو حراست میں لیا۔
اورنگی ٹاؤن میں جیولری شاپ میں نقب زنی بے نقاب، 15 سالہ ملازم سمیت 5 ملزمان گرفتار
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک عدد 30 بور پسٹل بمعہ راؤنڈ اور موٹر سائیکل نمبر KJB-4193 (سپر اسٹار 70) برآمد کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ برآمد شدہ موٹر سائیکل تھانہ عوامی کالونی کی حدود سے چوری کی گئی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے شعبہ تفتیش کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے جس کے مطابق اس کے خلاف مختلف تھانوں میں سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں، جن میں اقدام قتل، سرکاری اہلکاروں پر حملہ، آرمز ایکٹ اور ڈکیتی کی دفعات شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
