ویانا، 17 فروری 2026: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج ویانا انٹرنیشنل سینٹر میں جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
زمان ٹاؤن پولیس کی کارروائی، اسٹریٹ کرمنل گرفتار، اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد
ملاقات میں وزیراعظم نے کینسر کی تشخیص و علاج، زراعت، نیوکلیئر پاور جنریشن اور صنعتی ایپلی کیشنز میں جوہری ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کے فروغ کے لیے IAEA کے کردار کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور IAEA کے درمیان مضبوط شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نہ صرف تکنیکی تعاون پروگرام سے مستفید ہو رہا ہے بلکہ اپنے ماہرین کی فراہمی اور بین الاقوامی تربیت کے انعقاد کے ذریعے IAEA کے کام میں حصہ ڈال رہا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل گروسی نے پاکستان کے جوہری تجربے، ماہرین اور سائنسدانوں کے اعلیٰ معیار کو سراہا اور جوہری تحفظ و سلامتی کے شعبے میں پاکستان کے تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دیگر رکن ممالک کی مدد کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال میں ایک موزوں ملک ہے اور مارچ 2026 میں فرانس میں منعقدہ نیوکلیئر انرجی سمٹ میں پاکستان کی فعال شرکت کے منتظر ہیں۔
اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن اینڈ آنکولوجی (INMOL)، لاہور کو IAEA کے تعاون کے مرکز کے طور پر نامزد کرنے کا معاہدہ بھی طے پایا، جس پر پاکستان اور IAEA کی جانب سے بالترتیب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ڈی جی گروسی نے دستخط کیے۔
