کراچی (اسٹاف رپورٹر) — کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے شہر میں پانی کی فراہمی کو مزید مستحکم اور بہتر بنانے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے مرکزی پانی کی لائن میں موجود رساؤ ختم کرنے کے کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
ایران میں اصلاح پسند اتحاد ریفارم فرنٹ کے ترجمان جواد امام گرفتار، سیاسی کریک ڈاؤن تیز
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق گلشنِ اقبال بلاک 19 میں فیز ون کی مرکزی 84 انچ قطر کی پانی کی لائن میں رساؤ کی نشاندہی ہوئی تھی، جس کے بعد تکنیکی جائزے کے بعد لائن کی فوری مرمت اور مکمل بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ تمام لیکیجز ختم کرنے کے لیے پیر کے روز دوپہر 12 بجے مرمتی کام کا آغاز کیا گیا ہے، جو بلا تعطل 24 گھنٹے جاری رہے گا تاکہ مقررہ وقت میں کام مکمل کیا جا سکے۔ مرمتی کام کا مجموعی دورانیہ 96 گھنٹے مقرر کیا گیا ہے۔
واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ مرمت مکمل ہونے کے بعد شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی اور مستقبل میں پانی کے ضیاع کو بھی روکا جا سکے گا۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مرمتی کام کے دوران پانی کا باکفایت اور ذمہ دارانہ استعمال کریں اور ادارے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ مرمت کا عمل بروقت اور مؤثر طریقے سے مکمل ہو سکے۔

