کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صدر میں واقع النجیبی موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ عمارتوں میں فوری ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آتشزدگی کے اسباب اور ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومتِ سندھ کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
واقعے کے بعد آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ایس ایس پی ساؤتھ اور ایس پی ٹریفک ساؤتھ کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت جاری کی۔ متاثرہ عمارت اور اطراف کے علاقوں کو محفوظ بنانے کے احکامات دیے گئے، جبکہ فائر بریگیڈ، ایمبولینس اور ریسکیو عملے کی بروقت رسائی کے لیے راستے کلیئر رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ عمارت کے ساتویں فلور پر لگی ہے، جہاں گاڑیوں کی پارکنگ قائم ہے۔ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں موقع پر موجود ہیں، جبکہ بلند عمارت ہونے کے باعث اسنارکل بھی منگوائی گئی ہے تاکہ آگ پر مؤثر طریقے سے قابو پایا جا سکے۔
ریسکیو اور فائر فائٹنگ آپریشن جاری ہے، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
