اسلام آباد — وزیراعظم شہباز شریف اور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے درمیان پہلی باضابطہ ملاقات وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی۔ ملاقات پہلے تنہائی میں اور بعد ازاں وفود کی سطح پر منعقد ہوئی، جس میں وفاق اور صوبے سے متعلق اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم بھی شریک تھے۔ اجلاس کے دوران باہمی تعاون، انتظامی معاملات، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خیبرپختونخوا کو درپیش مسائل، عوامی فلاحی منصوبوں اور ترقیاتی ضروریات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ دہشت گردی کی روک تھام اور صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر میں امن جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے ملاقات کی دعوت دی گئی ہے اور وہ وزیراعظم کے سامنے صوبے اور عوام کے مسائل کے ساتھ ساتھ عوام کے حقوق کا مقدمہ پیش کریں گے۔
