کراچی — عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹس میں سونے کی قیمت میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جسے تاریخ کی تیسری سب سے بڑی گراوٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں 24 کیرٹ فی تولہ سونا 21,500 روپے کمی کے بعد 490,362 روپے پر آ گیا ہے، جبکہ دس گرام سونا 18,433 روپے کمی کے بعد 420,406 روپے کی سطح پر آ گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں صرف تین دن کے دوران فی تولہ سونا مجموعی طور پر 82,500 روپے سستا ہو چکا ہے۔ اسی طرح چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں فی تولہ چاندی 602 روپے کمی کے بعد 8,405 روپے پر آ گئی ہے۔
عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمت میں اچانک اور شدید گراوٹ نے گولڈ مارکیٹس میں ہلچل مچا دی ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو کھربوں ڈالرز کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ عالمی منڈی میں فی اونس سونا تین دن میں 825 ڈالر گر چکا ہے، جبکہ آج ایک ہی دن میں 215 ڈالر کمی کے بعد فی اونس سونا 4,676 ڈالر پر آ گیا۔
ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی منڈیوں میں عدم استحکام، سرمایہ کاری کے رجحانات میں تبدیلی اور بڑے ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی فروخت نے سونے کی قیمتوں پر شدید دباؤ ڈالا ہے، جس کے اثرات براہ راست مقامی مارکیٹس تک پہنچ رہے ہیں۔
