اسلام آباد — وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر حکومت اور فوج کی پارٹنرشپ اسی طرح جاری رہی تو پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک مضبوط، مستحکم اور باوقار ملک بن کر ابھرے گا۔ وہ اسلام آباد میں ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے ملکی معیشت کی بحالی کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اور فوج کی شراکت داری ملک کے مفاد میں بہترین ماڈل ہے۔ انہوں نے کہا کہ “فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مدد نہ ہوتی تو کئی بڑے مسائل حل نہیں ہو سکتے تھے”۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ “معرکۂ حق میں فتح کے بعد پاکستان کا دنیا میں منفرد مقام بن چکا ہے، دنیا آج پاکستان کی بات سن رہی ہے، سرمایہ کاری کے لیے رابطے کیے جا رہے ہیں اور پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے”۔
انہوں نے اعلان کیا کہ صنعتوں کے لیے بجلی 4.4 روپے فی یونٹ سستی کی جا رہی ہے، تاکہ پیداواری لاگت کم ہو، برآمدات میں اضافہ ہو اور صنعتی ترقی کو فروغ ملے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اگر پاکستان ترقی کرے گا تو بھارت کو بھی حیرت ہوگی کہ پاکستان اتنا مضبوط ملک کیسے بن گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور فوج کی مضبوط شراکت داری ہی ملک کو معاشی استحکام، ترقی اور عالمی سطح پر وقار دلانے کا ذریعہ بنے گی۔
