پشاور (اسٹاف رپورٹر): خیبرپختونخوا کی مختلف جامعات کے طلباء و طالبات نے آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام جاری ونٹر انٹرنشپ کے دوران قلعہ بالا حصار، پشاور کا دورہ کیا۔
گل پلازہ میں شہید تاجر نعمت اللہ، عبداللہ جان، صداقت اور یوسف کی نمازِ جنازہ میٹروویل میں ادا
انٹرنشپ کا آغاز 12 جنوری سے ملک بھر میں کیا گیا، جس میں خیبرپختونخوا کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کے دوران مختلف سیشنز کے علاوہ آؤٹ ڈور سرگرمیاں بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔
دورے کا مقصد نوجوان نسل کو قومی سلامتی، تاریخ اور پاک فوج کے کردار سے آگاہ کرنا تھا۔ شرکاء نے قلعہ بالا حصار کے مختلف حصوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس کی تاریخی، دفاعی اور تہذیبی اہمیت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر آئی جی ایف سی نارتھ، میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے طلباء و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، درپیش چیلنجز اور پاک فوج و فرنٹیئر کور کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ طلباء کے سوالات کے جوابات بھی دیے گئے۔
دورے کے دوران شرکاء نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں طلباء نے فرنٹیئر کور کے میوزیم کا بھی دورہ کیا اور فرنٹیئر کور کی قربانیوں اور خدمات سے آگاہ ہوئے۔
شرکاء نے اس مثبت اور قابلِ تحسین اقدام پر فرنٹیئر کور کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کی اہمیت کو سراہا۔
