کراچی (اسٹاف رپورٹر) – وزیر اطلاعات برائے سندھ شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کو الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا۔ یہ ردعمل انہوں نے فاروق ستار کی حالیہ پریس کانفرنس کے بعد دیا۔
ڈاکٹر فاروق ستار: سندھ حکومت کی نااہلی کراچی کے لیے خطرہ، وفاقی حکومت سے ثالثی کا مطالبہ
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ کابینہ نے گل پلازہ آتشزدگی کے واقعے پر غور کے بعد ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کے چیئرمین وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہوں گے۔ ذیلی کمیٹی سانحے سے متعلق پیش کی جانے والی رپورٹ کا جائزہ لے گی، تمام ضروری قانونی اور اصلاحی اقدامات تجویز کرے گی اور اپنی رپورٹ آئندہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پیش کرے گی۔
پی پی رہنما نے کہا کہ اگر فاروق ستار مقابلے کے خواہاں ہیں تو دونوں اپنے حلقوں سے الیکشن لڑیں، ایم کیو ایم جعلی مینڈیٹ پر آئی جبکہ ہمارا مینڈیٹ جعلی نہیں۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے بارے میں کہا کہ پہلے بھی یہ ٹھپہ مافیا کے نام سے مشہور رہی ہے۔
شرجیل میمن نے فاروق ستار کی باتوں کو سنجیدہ نہ لینے کا کہا اور کہا کہ ان کے آپسی مسائل چل رہے ہیں، ان کا کوئی دین و ایمان نہیں اور ایک دن ایک بات کرتے ہیں تو دوسرے دن اس کے برعکس۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری نیک نیتی کے تحت پنجاب فرانزک لیب سے لوگوں کو گل پلازہ کے لیے بلایا گیا ہے، رپورٹ سے غفلت کا تعین ہوگا، اور سیاست کے طریقے ہم خود طے کریں گے، فاروق ستار یا ایم کیو ایم سے ڈکٹیشن نہیں لیں گے۔
