پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کراچی کے مختلف علاقوں پرانا گولیمار، پاک کالونی اور ناظم آباد میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے کاشف ڈاڈا گینگ اور ریاست جدگال گینگ سے تعلق رکھنے والے 9 خطرناک ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس، کراچی سیف سٹی پراجیکٹ جلد فعال ہوگا، 1300 کیمرے اور ریپڈ رسپانس گاڑیاں آپریشنل
گرفتار ملزمان میں ارسلان عرف مٹھو ولد سلیمان، لیاقت علی عرف کمانڈو ولد غلام حیدر، آشر ولد اسلم، عیشان صفدر عرف شانو ولد صفدر حسین، رضوان عرف ٹینڈو ولد کریم بخش، محمد احمد ولد محمد یحییٰ، نعمان ولد جاوید اقبال، ندیم ولد محمد ارشاد اور سجاد ولد غلام حسین شامل ہیں۔
رینجرز کی مختلف کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 4 عدد پستول بمعہ ایمونیشن، 363 ٹوکن کرسٹل، 8.35 کلوگرام چرس، 25 ٹوکن آئس، 48 شراب کی بوتلیں، 150 کلوگرام گٹکا، 1490 پیکٹ ماوا، 18 موبائل فونز اور 41 لاکھ 37 ہزار 400 روپے نقدی برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان ایک منظم جرائم پیشہ نیٹ ورک کا حصہ ہیں جو کراچی کے مختلف علاقوں میں اسلحے کے زور پر ڈکیتی، منشیات فروشی، موٹر سائیکل اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ ملزمان عادی مجرم ہیں اور ان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔
رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ گرفتار افراد کو اسلحہ، منشیات اور دیگر برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
پاکستان رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں کسی بھی قسم کی اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن یا مددگار واٹس ایپ نمبر پر فراہم کریں، اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔

