کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی اسٹیج شو کمیٹی کی جانب سے ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور ٹی وی ہوسٹ علی رضا کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک شاندار تقریب آڈیٹوریم II میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں جنرل جاوید ضیا، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر، ڈی آئی جی ساﺅتھ اسد رضا، چیئرمین اسٹیج شو کمیٹی سعادت علی جعفری، چیئرمین میوزک کمیٹی امجد حسین شاہ، ایس ایس پی علی رضا، شکیل صدیقی، جنید اقبال، سیدہ عظمیٰ، عاطف اقبال، بابر عباسی اور دیگر نے اظہارِ خیال کیا جبکہ نظامت کے فرائض نعمان خان نے انجام دیے۔
تقریب کا آغاز علی رضا کی خدمات پر مبنی شو ریل کی نمائش سے ہوا۔ آرٹس کونسل کی جانب سے علی رضا کو شیلڈ اور پھول پیش کیے گئے، جبکہ انہیں گولڈ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی جانب سے ایس ایس پی علی رضا نے علی رضا کو پھول پیش کیے اور تعریفی سند دی۔
اسٹیج شو کمیٹی کے چیئرمین سعادت علی جعفری نے کہا کہ کمیٹی نے ہمیشہ زندہ افراد کو ٹربیوٹ دینے کی روایت قائم رکھی ہے، جن میں معروف فنکار مصطفی قریشی، قاضی واجد، ظہیر خان اور دیگر شامل ہیں۔ میوزک کمیٹی کے چیئرمین امجد حسین شاہ نے علی رضا کی فنکاری اور مرثیے خوانی کو سراہا، جبکہ جنرل جاوید ضیا نے انہیں قومی ہیرو قرار دیا۔
سابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ علی رضا نے معاشرتی آگاہی کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر اور شکیل صدیقی نے بھی علی رضا کی خدمات اور کامیابی کے سفر کو قابلِ تعریف قرار دیا۔ تقریب میں ویڈیو پیغامات کے ذریعے اے آر وائی کے حاجی جان محمد اور بھارتی اداکار رضا مراد نے بھی علی رضا کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
علی رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں کا مقصد غریب، مجبور اور بے بس افراد کی آواز کو ایوان بالا تک پہنچانا تھا۔ انہوں نے اپنی کامیابی میں اہلیہ اور خاندان کے کردار کو سراہا اور تمام معاونین کا شکریہ ادا کیا۔

