سانحہ گل پلازہ: پی ٹی آئی، سیاسی جماعتیں اور تاجر تنظیمیں متحد، 23 جنوری کو بعد از نمازِ جمعہ بھرپور احتجاج کا اعلان

گل پلازہ میں پیش آنے والے اندوہناک آتشزدگی سانحے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف سندھ کی میزبانی میں گل پلازہ کے سامنے مشترکہ پریس کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں، تاجر تنظیموں کے رہنماؤں اور متاثرین نے شرکت کی۔ پریس کانفرنس کے دوران 23 جنوری بروز جمعہ بعد از نمازِ جمعہ گل پلازہ کے سامنے بھرپور احتجاج کا اعلان کیا گیا۔

گل پلازہ آتشزدگی: ریسکیو 1122 کا پوسٹ فائر اربن سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری، 20 سے زائد لاشیں برآمد

پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، مرکزی رہنما فردوس شمیم نقوی، جی ڈی اے کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر صفدر عباسی، سردار عبدالرحیم، خرم شیر زمان، راجہ اظہر، ارسلان خالد، منصور احمد شیخ، ایڈووکیٹ نوید احمد سمیت شیعہ علماء کونسل، سنی تحریک، بلوچستان عوامی پارٹی، جمعیت علماء اسلام (شیرانی) اور دیگر جماعتوں کے نمائندے شریک تھے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ سانحہ گل پلازہ کراچی کے نظامِ حکمرانی، فائر سیفٹی انتظامات، ایمرجنسی رسپانس اور بلدیاتی اداروں کی سنگین ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔ اعلامیے میں متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا گیا کہ کراچی ملک کا 65 فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے، مگر آج یہ شہر لاوارث بنا ہوا ہے اور متاثرین بے یارو مددگار ہیں۔

شرکاء نے واضح کیا کہ فائر فائٹرز اور ریسکیو اہلکار کسی صورت قصوروار نہیں، بلکہ محدود وسائل کے باوجود انہوں نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر فرائض انجام دیے۔ شہید فائر فائٹرز اور ریسکیو اہلکاروں کو سلامِ عقیدت پیش کیا گیا۔

اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ گل پلازہ کے تمام متاثرین کو فوری اور مکمل معاوضہ دیا جائے، پلازہ کی تعمیرِ نو کی جائے، ایک ہفتے کے اندر شفاف انکوائری رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے اور SBCA، KMC، میئر کراچی، فائر ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے ذمہ دار افسران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ مطالبات میں شہر بھر میں فائر سیفٹی آڈٹ، فائر بریگیڈ اسٹیشنز کے قیام اور فائر و ریسکیو اداروں کی تنظیمِ نو بھی شامل ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سانحے کے کئی دن گزرنے کے باوجود متاثرین کے ورثاء اذیت میں ہیں اور حکومتی بے حسی قابلِ مذمت ہے۔ فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ کراچی اب مزید خاموش نہیں رہے گا۔ ڈاکٹر صفدر عباسی نے سندھ حکومت کو نااہل قرار دیتے ہوئے کرپشن اور ناقص تعمیرات کو شہری جانوں کے ضیاع کی وجہ قرار دیا، جبکہ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ اگر احتساب نہ ہوا تو عوام خود فیصلہ کرے گی۔

آخر میں تمام جماعتوں اور تاجر تنظیموں نے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ 23 جنوری کو بعد از نمازِ جمعہ گل پلازہ کے سامنے پرامن مگر بھرپور احتجاج کیا جائے گا، جس میں کراچی بھر سے عوام شرکت کریں گے۔

57 / 100 SEO Score

One thought on “سانحہ گل پلازہ: پی ٹی آئی، سیاسی جماعتیں اور تاجر تنظیمیں متحد، 23 جنوری کو بعد از نمازِ جمعہ بھرپور احتجاج کا اعلان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!