کراچی: سائٹ ایریا میٹروول کے علاقے میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے کانسٹیبل واجد خان کی نمازِ جنازہ پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن ساؤتھ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں انسپکٹر جنرل سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو، ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان، ڈی آئی جی ساؤتھ، ڈی آئی جی ویسٹ، ایس ایس پی کیماڑی، ایس ایس پی ویسٹ، اے آئی جیز ویلفیئر و ایڈمن سمیت سندھ پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر شہید کانسٹیبل کے ورثاء، عزیز و اقارب، دوست احباب اور اہلِ علاقہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ فضا “شہید واجد خان زندہ ہے” کے نعروں سے گونجتی رہی جبکہ شرکاء نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے شہید کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل واجد خان نے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان قربان کر کے پولیس فورس کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔
سندھ پولیس کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

