پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے ایف سی ایریا لیاقت آباد ٹاؤن سے ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی کی متعدد وارداتوں میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں انس عرف شانی ولد آصف، سید ظاہر حسین عرف ضیاء ولد سید زوار حسین، محمد جاوید عرف چپٹا ولد بشیر احمد اور دانیال عرف کلر والا ولد صابر حسین شامل ہیں۔
امریکی ویزہ پابندیوں پر پاکستان کا ردعمل، بحالی کی امید ظاہر
رینجرز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا ایک عدد 30 بور پسٹل بغیر لائسنس بمعہ ایمونیشن، ایک ڈمی پسٹل، سات موبائل فونز، ایک موٹر سائیکل اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان ایک منظم گینگ کا حصہ ہیں جو ایف سی ایریا لیاقت آباد ٹاؤن میں اسلحے کے زور پر ڈکیتی، منشیات فروشی، موٹر سائیکل اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ملزمان عادی مجرم ہیں اور ان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔
رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار افراد کو اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے مشتبہ عناصر سے متعلق معلومات فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر فراہم کریں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔
