کراچی: ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی کی زیرِ صدارت ایسٹ زون آفس میں کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز کورنگی، ایسٹ، ملیر اور انویسٹی گیشن ایس ایس پیز نے شرکت کی۔
کراچی پورٹ سے کارگو کی ترسیل کیلئے ریلوے نظام مضبوط بنانے پر وفاقی وزیر ریلوے کا اعلان
میٹنگ میں ایسٹ زون کے تمام تھانہ جات کے جرائم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، خاص طور پر قتل، اقدام قتل، ہاؤس رابری، کار چوری، موٹر سائیکل چھیننے اور اسٹریٹ کرائمز کے انسداد پر تفصیلی رپورٹس طلب کی گئیں۔
ڈی آئی جی ایسٹ زون نے بہترین کارکردگی دکھانے والے تھانہ جات کو سراہا جبکہ ناقص کارکردگی والے تھانہ جات کو سخت وارننگ جاری کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کے لیے مؤثر پٹرولنگ اور ناکہ بندی کو مزید فعال بنایا جائے، اشتہاری اور مفرور ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے، تفتیشی معیار کو بہتر بنایا جائے اور بروقت چالان جمع کرائے جائیں۔
ڈی آئی جی فرخ علی نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور تمام افسران اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔

