کراچی کے پانی کی فراہمی کا نظام جدید بنانے کی جانب اہم پیش رفت

کراچی (اسٹاف رپورٹر): شہر کے پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مضبوط اور جدید بنانے کے لیے کراچی واٹر سیوریج سروسز امپروومنٹ پراجیکٹ (KWSSIP) کے تحت اولڈ پپری پمپنگ اسٹیشن میں بچھائی گئی نئی پائپ لائن کو موجودہ واٹر سپلائی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا عمل ہفتہ 10 جنوری سے شروع کر دیا گیا ہے، جو منگل 13 جنوری تک جاری رہے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے مجموعی طور پر 96 گھنٹے درکار ہوں گے۔

نیوزی لینڈ کے ساحل پر وہیل مچھلیاں پھنس گئیں، 6 ہلاک

واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق منصوبے کے تحت نئی پائپ لائن کو موجودہ نظام میں شامل کر کے مکمل طور پر فعال بنایا جائے گا، جبکہ جدید والوز کی تنصیب کے ذریعے پانی کی ترسیل پر بہتر کنٹرول اور نظام کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

مرمتی اور تکنیکی کام کی انجام دہی کے لیے اولڈ پپری پمپنگ اسٹیشن کو چار روز کے لیے عارضی طور پر بند رکھا جائے گا، جس کے باعث اس پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو پانی کی فراہمی معطل رہے گی۔ تاہم حکام کے مطابق نیو پپری پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی ترسیل معمول کے مطابق جاری رہے گی، جس سے مجموعی اثرات کو کم رکھنے میں مدد ملے گی۔

ترجمان نے بتایا کہ مرمتی کام کے دوران ملیر، شاہ فیصل اور ماڈل زون ٹاؤن کے بعض علاقوں کے علاوہ ایس پی ایل اور پی آئی اے کے علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوگی، جبکہ لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرینٹس بھی عارضی طور پر بند رہیں گے۔ اس دوران شہر کو یومیہ تقریباً 60 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کو معمول کے دنوں میں یومیہ تقریباً 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، تاہم اس منصوبے کے دوران بھی شہر کو تقریباً 590 ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔

واٹر کارپوریشن کے حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مرمتی کام کے دوران پانی کا باکفایت استعمال کریں اور ادارے سے تعاون کریں تاکہ ممکنہ مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد کراچی کا پانی کی ترسیل کا نظام مزید مستحکم، قابلِ اعتماد اور مؤثر ہو جائے گا۔

66 / 100 SEO Score

One thought on “کراچی کے پانی کی فراہمی کا نظام جدید بنانے کی جانب اہم پیش رفت

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!