کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے آرٹس کونسل میں پولیس افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس ہماری شناخت ہے اور ہمارا بنیادی مشن عوام اور اپنے محکمہ کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کی تاریخ شہدا کی لازوال قربانیوں سے بھری ہوئی ہے جنہیں ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
کمشنر کراچی کی ہدایت پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن، 338 دکانیں سیل، 91 ہوٹلز بھی شامل
پولیس چیف نے تھانوں میں بہتری کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو جدید ٹیکنالوجی اپناتے ہوئے عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہوگا۔ انہوں نے پولیس کے امیج میں بہتری، پولیس کو عوام کے لیے مددگار کے طور پر پیش کرنے اور تھانوں میں دوستانہ ماحول کے فروغ پر زور دیا تاکہ عوام کی پولیس تک رسائی آسان ہو۔
آزاد خان نے اسٹریٹ کرائم، منظم جرائم، منشیات اور دیگر سنگین جرائم کے خلاف بلا تفریق کارروائیوں کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تفتیشی نظام میں بہتری، میرٹ پر تفتیش، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ طریقۂ کار اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو مستقبل کی ضرورت قرار دیا۔
پولیس اہلکاروں کی ویلفیئر کو ہر سطح پر ترجیح دینے پر بھی زور دیا گیا۔ پولیس چیف نے مکس اپ ود کریمینلز کے حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی کا اعلان کیا اور کہا کہ ہر افسر اور جوان کی کارکردگی اور احتساب ان کی ترجیح ہوگی۔
انہوں نے پولیس لائنز میں بہتری کے لیے مینجمنٹ کمیٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا تاکہ اہلکاروں کے رہائشی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ افسران اور جوانوں کے درمیان کمیونیکیشن گیپ ختم کرنے، پروفیشنل کام کے لیے واضح ایس او پیز بنانے اور پولیس کے بارے میں عوامی تاثر (Perception) میں بہتری کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
آخر میں آزاد خان نے تمام افسران و جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تاکہ عوام کا اعتماد بحال اور مضبوط کیا جا سکے۔

