کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو غیر قانونی قبضہ سمجھنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے 91 ہوٹلز سمیت مجموعی طور پر 338 دکانیں سیل کی گئیں اور متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا۔
تیموریہ: گھر میں ڈکیتی کے دوران پولیس مقابلہ، تین ڈاکو ہلاک، ایک زخمی گرفتار
کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ دو روزہ انکروچمنٹ آپریشن رپورٹ کے مطابق سیل کی گئی دکانوں کے باہر قائم ٹھیلے، پتھارے اور دیگر غیر قانونی تجاوزات بھی ضبط کر لی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق ضلع جنوبی میں سب سے زیادہ 284 دکانیں سیل کی گئیں، جبکہ ضلع شرقی میں 23، ضلع وسطی میں 14، ضلع کیماڑی میں 3، کورنگی میں 11، ملیر میں 1 اور ضلع غربی میں 2 دکانیں سیل کی گئیں۔
سید حسن نقوی نے کہا کہ تمام دکانیں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کی گئیں، اور کچھ دکانوں کے باہر دوبارہ تجاوزات قائم کی گئی تھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات مافیا نے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو اپنی جاگیر سمجھ لیا ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
کمشنر نے مزید کہا کہ تجاوزات کے مکمل خاتمے تک آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا اور تمام ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو متعدد بار تنبیہ کی جا چکی تھی، تاہم عملدرآمد نہ ہونے پر سخت کارروائی ناگزیر ہو گئی۔

