کمشنر کراچی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر حاظم بھنگوار کو صدر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے آفیشیٹنگ چارج سونپ دیا گیا۔ چارج سنبھالتے ہی اسسٹنٹ کمشنر صدر حاظم بھنگوار نے ٹاؤن انتظامیہ کے ہمراہ دبنگ اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے صدر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا، جس کے دوران 40 دکانیں سیل کر دی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی سے کراچی ہوٹلز مالکان ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات ایس او پیز کے لیے خصوصی پورٹل کا اعلان
اسسٹنٹ کمشنر صدر کے مطابق کارروائی کے دوران پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ ہوٹلوں اور فٹ پاتھوں پر رکھا گیا غیر قانونی سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صدر میں کسی بھی قسم کی تجاوزات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
حاظم بھنگوار نے کہا کہ صدر کے بعض علاقوں میں ہوٹل مالکان تجاوزات کے ذریعے مافیا کا روپ دھار چکے ہیں، جن کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے اور اس ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ صدر کی مختلف مارکیٹوں میں کارروائیاں کی گئیں اور یہ آپریشن رات گئے شروع ہو کر صبح دو بجے تک جاری رہا۔
اسسٹنٹ کمشنر صدر نے مزید کہا کہ وہ کمشنر کراچی کی جانب سے دیے گئے خصوصی ٹاسک پر صدر کو تجاوزات سے پاک کرنے آئے ہیں اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی طرح اب بھی وہ شہریوں کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
شہری حلقوں کی جانب سے تجاوزات کے خلاف اس مؤثر کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ایسے آپریشنز کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔




