ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہٰ سلیم سے کراچی ہوٹلز مالکان ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں شہر میں ہوٹلز کے لیے ایس او پیز کے نفاذ اور انتظامی اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹونیہا شاہ، کے ایم سی (کلک) کے افسران اور ٹاؤن انتظامیہ کے نمائندے بھی شریک تھے۔
کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں زیرِ تعمیر 16 منزلہ عمارت زمین بوس متعدد افراد ملبے تلے دب گئے
ڈپٹی کمشنر طحہٰ سلیم نے بتایا کہ کمشنر کراچی کی ہدایت پر ہوٹلز مالکان کے لیے ایک خصوصی آن لائن پورٹل تیار کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ایس او پیز کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانا ہے۔ یہ پورٹل پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر ضلع وسطی سے شروع کیا جا رہا ہے اور اسے مکمل طور پر ڈی سی آفس سے آپریٹ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پورٹل کمپیوٹرائزڈ نظام پر مشتمل ہوگا، جس میں ٹریفک پولیس بھی آن بورڈ ہوگی، جبکہ ٹاؤن انتظامیہ، ایس ایس پی آفس اور کلک کو بھی اس نظام کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ پورٹل کو کلک کی باہمی کوآرڈینیشن سے تیار کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق 31 جنوری تک پورٹل مکمل ہو کر باقاعدہ طور پر فعال ہو جائے گا، جبکہ آئندہ ہفتے سے اس حوالے سے تربیتی سیشنز کا آغاز بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ہوٹلز کی رجسٹریشن 31 جنوری تک مکمل کی جائے گی اور اس کے بعد ایس او پیز کی پابندی کے بغیر کسی ہوٹل کو کرسیاں اور میزیں لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ملاقات کے دوران کراچی ہوٹلز مالکان ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے پورٹل کے قیام اور انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
