کراچی: چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ سے انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ملاقات کی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے جاوید عالم اوڈھو کو آئی جی سندھ کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے سندھ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
جاوید عالم اوڈھو نے انسپکٹر جنرل پولیس سندھ کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا
ملاقات کے دوران پولیس اہلکاروں کی تربیت، سہولیات اور ویلفیئر کو مزید بہتر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پولیس کی خدمات قابلِ ستائش ہیں اور حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی تاکہ پولیس مزید مؤثر کردار ادا کر سکے۔
اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ سندھ میں مؤثر اور عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دیا جائے گا، اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
