اسلام آباد: انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف شہروں میں 7 کامیاب آپریشنز کیے، جن کے دوران نائجیرین باشندے سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 37 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 417.79 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک کوریئر آفس سے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران لیڈیز پرس کے اندر چھپائی گئی 93 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ اسی دوران کوریئر آفس کے قریب موٹر سائیکل سوار سے 106.8 کلوگرام وزنی 3 لاکھ 48 ہزار ڈائزیپام گولیاں قبضے میں لے لی گئیں۔
اسلام آباد کے ایکسپریس وے بس اسٹاپ پر کارروائی کے دوران ایک نائجیرین باشندے کے قبضے سے 75 گرام کوکین برآمد کی گئی۔ پشاور میں جی ٹی روڈ پر گاڑی کی تلاشی کے دوران 9.6 کلوگرام افیون جبکہ ناصر باغ روڈ سے ایک کلوگرام آئس تحویل میں لی گئی۔
اسی طرح ڈسٹرکٹ چمن میں کارروائی کرتے ہوئے 300 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی، جبکہ چمن بارڈر پر ایک لاوارث خفیہ پارسل سے 130 گرام کوکین برآمد ہوئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر لیے گئے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ اے این ایف کا کہنا ہے کہ منشیات اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

