کراچی (29 دسمبر 2025) – انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ غلام نبی میمن نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں جدید ڈیجیٹل لائبریری کا افتتاح کیا۔
ڈیجیٹل لائبریری میں قانون، پولیس رولز، عدالتی فیصلے اور دیگر تحقیقی معلومات ڈیجیٹل فارم میں دستیاب ہیں۔ یہ سہولت پولیس ملازمین کے علاوہ عام عوام کے لیے بھی کھولی گئی ہے اور اسے https://www.sindhpolice.gov.pk/digital-library کے ذریعے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل آئی جیز آپریشن، ٹریننگ، ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹر، آئی ٹی، کرائم اینڈ انویسٹی گیشن اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر نے لائبریری کی تزئین و آرائش کی نگرانی کی جبکہ ڈی آئی جی آئی ٹی اور پی ڈی آئی ٹی نے ڈیجیٹل سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ ڈیجیٹل لائبریری سندھ پولیس کے تاریخی اور تحقیقی مواد کی دستیابی کے لیے اہم سنگ میل ہے اور پولیس افسران و تحقیق کاروں کے لیے معلوماتی مرکز کا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے تمام افسران و ملازمین سے کہا کہ اس جدید سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اسے تمام پولیس ٹریننگ سینٹرز کی لائبریریز کے ساتھ منسلک کیا جائے۔

