وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ایس ایس پی آفس لاڑکانہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 18ویں یومِ شہادت کے موقع پر سیکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔
منشیات کے خلاف بڑی کارروائیاں 68 لاکھ سے زائد مالیت کی 83.94 کلوگرام منشیات برآمد
اجلاس کے دوران ایس ایس پی لاڑکانہ نے گڑھی خدا بخش، نوڈیرو اور ملحقہ علاقوں میں کیے گئے سیکیورٹی انتظامات اور مجموعی لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یومِ شہادت کے موقع پر مجموعی طور پر 8 ہزار 500 پولیس افسران اور جوان سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ایس ایس پی لاڑکانہ کے مطابق ریپڈ ریسپانس فورس کے ساتھ ساتھ خواتین پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے، جبکہ تمام مرکزی گزرگاہوں، وی وی آئی پی روٹس اور دیگر اہم مقامات پر سوئپنگ اور کلیئرنس کا عمل مسلسل جاری ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سے قبل عارضی بنیادوں پر 130 کیمروں کی تنصیب کی جاتی تھی، تاہم اب کچہ ایریاز کے داخلی اور خارجی راستوں پر مستقل بنیادوں پر کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔ عاقل تھانے سے کچہ ایریاز کی مانیٹرنگ اور ریسپانس کا عمل جاری ہے۔
ایس ایس پی لاڑکانہ نے مزید بتایا کہ تمام کیمرے سولر سسٹم سے منسلک ہیں، جبکہ تمام پولیس پوسٹس کی تزئین و آرائش اور مرمت کے بعد انہیں مکمل سہولیات کے ساتھ فعال کر دیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ یومِ شہادت کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
