ملک بھر میں منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران 68 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مجموعی طور پر 83.94 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی، جبکہ متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
اجمیر نگری میں پولیس مقابلہ فائرنگ کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار
تعلیمی اداروں کے گرد منشیات فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے رئیس گوٹھ کراچی میں ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 3 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
دیگر کارروائیوں میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے ایک مسافر کے جوتوں سے 548 گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔ اسی طرح موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 74.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جہاں سے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
غوری ٹاؤن اسلام آباد کے قریب ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد کر کے تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اسی علاقے میں ایک علیحدہ کارروائی کے دوران ایک ملزم کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
تمام کارروائیوں کے بعد ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

