راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کرائسٹ چرچ میں کرسمس کی تقریبات میں شرکت کرتے ہوئے مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
قلات میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے مسیحی برادری کے ساتھ خوشیوں کے اس موقع کو منایا اور امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے بانی پاکستان کے مساوات، آزادی اور مذہبی رواداری کے وژن کو اجاگر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو پاکستان کے نظریے کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کرسمس کی تقریب میں شریک افراد سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ترقی اور سلامتی میں پاکستانی مسیحیوں کی خدمات کو سراہا اور بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی طاقت مساوی مواقع اور آئینی اقدار میں مضمر ہے، اور یہ اقدار مذہب، نسل، ذات یا عقیدے سے بالاتر ہیں۔ انہوں نے شہریوں کی عزت، سلامتی اور مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے افواج پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ مسیحی برادری کے رہنماؤں نے فیلڈ مارشل کے دورے پر شکریہ ادا کیا اور وطن کے دفاع، مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی میں فوج کے کردار کو سراہا۔
