کراچی: اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو)/سی آئی اے کراچی نے کورنگی کے علاقے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات فروش گروہ سے تعلق رکھنے والی خاتون ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر محمد عمران خان کی قیادت میں عمل میں لائی گئی۔
ایس ایس پی ایس آئی یو کے مطابق گرفتار خاتون ملزمہ رمشا کے قبضے سے بھاری مقدار میں 18 کلو 750 گرام منشیات (چرس) برآمد کی گئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ شہر میں بڑے پیمانے پر منشیات فروشی میں ملوث تھی۔
ایس ایس پی محمد عمران خان نے بتایا کہ ملزمہ کا شوہر فرحان اور والد طارق بھی منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث رہے ہیں اور دونوں ماضی میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے ہاتھوں گرفتار ہو چکے ہیں۔
تحقیقات کے مطابق منشیات کوئٹہ اور پنجگور سے اسمگل کر کے کراچی لائی جاتی تھی، جہاں مختلف علاقوں میں فروخت کی جاتی تھی۔
ایس آئی یو حکام کے مطابق گرفتار ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے مزید تفتیش اور چھاپے جاری ہیں۔
