ملتان: ایف آئی اے ملتان زون نے انسانی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جو شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے اور یرغمال بنانے میں ملوث تھے۔
کراچی: پولیس کی انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی، کار لفٹر گینگ کا سرغنہ گرفتار
گرفتار ملزمان میں محمد اسماعیل، حاضرے خان، محمد مظاہر اور محمد اصغر شامل ہیں، جنہیں بہاولنگر اور مظفر گڑھ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم محمد اسماعیل بیرون ملک تھائی لینڈ، میانمار اور کمبوڈیا میں انسانی سمگلنگ میں ملوث رہا ہے۔ اس نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ شہری کو تھائی لینڈ بھجوانے کا جھانسہ دے کر 9 لاکھ روپے بٹورے اور متاثرہ شہری کو وہاں یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ مزید براں، متاثرہ کے گھر والوں سے 3 لاکھ روپے بازیابی کے لیے طلب کیے گئے، جس کے دوران ملزم کو 50 ہزار روپے وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
ملزم حاضرے خان اور محمد مظاہر نے شہری کو یو اے ای میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 8 لاکھ 50 ہزار روپے بٹورے، جبکہ محمد اصغر نے یو اے ای میں ملازمت کے نام پر 4 لاکھ روپے ہتھیائے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
