کراچی: حکومت سندھ نے اعلان کیا ہے کہ کراچی کو نہ صرف سندھ بلکہ پاکستان کا سب سے جدید اور ترقی یافتہ شہر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے دن رات کام جاری ہے۔
ایف آئی اے ملتان زون کی کارروائی، انسانی سمگلرز کا گینگ گرفتار
انہوں نے بتایا کہ شہر کے بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت اور دیگر اہم شعبوں میں بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کراچی ایک جدید، پائیدار اور شمولیتی شہر بن سکے۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق کراچی میں سڑکوں اور ٹریفک کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے مجموعی طور پر 194 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ شاہراہِ بھٹو کوریڈور، ملیر ندی پل اور مختلف انڈر پاسز و فلائی اوورز پر کام جاری ہے، جو ٹریفک کے دباؤ کو کم کریں گے اور شہر کی آمد و رفت میں بہتری لائیں گے۔ کراچی کے اہم منصوبوں پر کام مارچ تک شروع ہو جائے گا اور معیار و وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کراچی اور دیگر بڑے شہروں میں 9 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کی توسیع اور نئے میڈیکل کالجز کے قیام کے لیے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے ریڈ، ییلو اور اورنج لائن کے لیے 155.34 ارب روپے مخصوص کیے گئے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ کراچی کے شہری ہر شعبے میں ترقی کی تبدیلی محسوس کریں۔ ہر منصوبہ اور ہر روپیہ شہریوں کی زندگیوں میں بہتری، سہولیات اور خوشحالی کے لیے وقف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمت عملی میں پائیدار انفرااسٹرکچر، معیاری تعلیم، صحت کی بہترین سہولیات، جدید ماس ٹرانزٹ، صاف پانی اور محفوظ ہاؤسنگ شامل ہیں۔
