کراچی: ویڈیوز کے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب نے کہا ہے کہ پاکستان میں تخلیقی سرگرمیوں کی رفتار تیزی سے بڑھ رہی ہے، جہاں تخلیق کاروں، فنکاروں اور کہانی سنانے والوں کا ایک متحرک ماحولیاتی نظام ملک کو ڈیجیٹل مواد کی عالمی طاقت میں تبدیل کر رہا ہے۔
کراچی سے جاری بیان میں یوٹیوب نے بتایا کہ جیسے جیسے دنیا 2026 میں داخل ہو رہی ہے، پاکستانی تخلیقی صلاحیتیں نہ صرف مقامی سطح پر فروغ پا رہی ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی ناظرین کے دلوں اور اسکرینوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہی ہیں۔
یوٹیوب کے مطابق حالیہ اعداد و شمار پاکستانی تخلیق کاروں کی محنت، عزم اور کامیابی کی واضح عکاسی کرتے ہیں۔ سال 2025 کے دوران 25 ہزار سے زائد پاکستانی یوٹیوب چینلز نے 10 ہزار سبسکرائبرز کا سنگِ میل عبور کیا، جبکہ 13 ہزار سے زیادہ چینلز ایسے تھے جن کے سبسکرائبرز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایک ہزار سے زائد پاکستانی یوٹیوب چینلز نے دس لاکھ سبسکرائبرز کا نمایاں ہدف بھی حاصل کیا، جو عالمی سطح پر پاکستانی ڈیجیٹل مواد کے معیار، صداقت اور بڑھتی ہوئی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔
یوٹیوب کے مطابق سب سے نمایاں پہلو پاکستان کی عالمی ڈیجیٹل رسائی میں اضافہ ہے، جہاں پاکستانی مواد کے مجموعی واچ ٹائم کا 60 فیصد سے زائد حصہ بیرونِ ملک ناظرین پر مشتمل ہے۔ اس طرح پاکستانی تخلیق کار مقامی سرحدوں سے نکل کر بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت قائم کر رہے ہیں۔
کراچی سے کوالالمپور اور لاہور سے لندن تک، پاکستانی یوٹیوبرز ثقافت، تفریح اور مشترکہ انسانی تجربات کے ایسے پل تعمیر کر رہے ہیں جو جغرافیائی سرحدوں سے بالاتر ہیں۔
گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر برائے بزنس اینڈ آپریشنز فرحان قریشی نے کہا کہ پاکستانی تخلیق کار صرف مقامی ناظرین کے لیے مواد تیار نہیں کر رہے بلکہ وہ ایسی کہانیاں، خیالات اور تفریح تخلیق کر رہے ہیں جو براعظموں کے پار لوگوں کے دلوں کو چھو رہی ہیں اور اس تصور کو ازسرِنو متعین کر رہی ہیں کہ عالمی سطح پر مواد تخلیق کرنے کا مطلب کیا ہے۔
