کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ کراچی عالمی کتب میلے میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف پبلشرز کے اسٹالز کا دورہ کیا اور منتظمین سے ملاقات کرتے ہوئے کتب میلے کے کامیاب انعقاد پر انہیں مبارکباد دی۔
ناظم آباد شہید بینظیر بھٹو کی برسی پر پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے زیرِ اہتمام قرآن خوانی و فاتحہ خوانی
ڈاکٹر فاروق ستار کے ہمراہ رکن صوبائی اسمبلی جمال احمد، رکن سی او سی شیخ صادق اور اے پی ایم ایس او کے مرکزی ذمہ دار شرجیل بیگ بھی موجود تھے۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی عالمی کتب میلہ شہر کی علمی و ادبی فضا کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پر کتابوں کی نمائش کا تسلسل کے ساتھ انعقاد اور عوام کی بھرپور دلچسپی کراچی کی زندہ دلی کی واضح علامت ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ منتظمین کی جانب سے نوجوان نسل کو کتاب سے جوڑنے کی کوشش قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دور اور سوشل میڈیا کے غلبے کے باوجود کتاب کی خوشبو اور اس سے حاصل ہونے والے علم کا کوئی نعم البدل نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس کے پاس علم کی طاقت نہ ہو۔ بک فیئر جیسے علمی و ادبی ایونٹس معاشرے میں فکری پختگی پیدا کرتے ہیں۔ کتب میلے میں بڑی تعداد میں خاندانوں اور طلبہ کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کے شہری آج بھی علم اور کتاب سے گہری محبت رکھتے ہیں۔

