کراچی میں اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک انتہائی مطلوب ملزم ہلاک ہوگیا۔ پولیس مقابلہ لیاری ایکسپریس وے پر تھانہ گلشن اقبال کی حدود میں پیش آیا۔
ایس ایس پی اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ محمد عمران خان کے مطابق ایس آئی یو کی ٹیم نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر بین الصوبائی ڈکیت گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی، تاہم پولیس کو دیکھتے ہی ملزم نے شدید فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی فائرنگ کے دوران ملزم شدید زخمی ہوا اور بعد ازاں ہلاک ہوگیا۔
ایس ایس پی کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت عامر کے نام سے ہوئی ہے، جو زیورات اور نقدی کی بڑی ڈکیتیوں میں ملوث بین الصوبائی گینگ کا سرغنہ تھا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ، 25 لاکھ روپے نقدی، طلائی زیورات اور ایک کار بھی برآمد کر لی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ اب تک حاصل شدہ ریکارڈ کے مطابق ملزم لاہور اور کراچی میں سنگین نوعیت کے تقریباً 30 مقدمات میں ملوث رہا ہے۔
پولیس نے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور گینگ کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

