وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کے امیگریشن پراسیس کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انسدادِ منشیات کارروائیاں: تعلیمی اداروں سمیت مختلف علاقوں سے 40 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد
دورے کے دوران دونوں رہنما امیگریشن کاؤنٹرز پر گئے اور مسافروں کی چیکنگ و کلیئرنس کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ محسن نقوی نے بیرونِ ملک جانے والے مسافروں سے ملاقات کی اور امیگریشن کے طریقۂ کار سے متعلق براہِ راست رائے حاصل کی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے امیگریشن کاؤنٹر پر تعینات ایف آئی اے اہلکار کی بہتر کارکردگی پر شاباش دی اور اس کی حوصلہ افزائی کی۔ ایک مسافر کی جانب سے امیگریشن چیکنگ میں تاخیر کے باعث بورڈنگ بند ہونے کی شکایت پر وزیر داخلہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کویت جانے والے مسافر کی بورڈنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی، جس کے بعد چند ہی منٹوں میں امیگریشن کا عمل مکمل کر لیا گیا۔
مسافروں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امیگریشن کا عمل تیز اور مؤثر ہے اور چند منٹوں میں کلیئرنس ہو رہی ہے۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی عزت اور مسافروں کی سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے، کسی بھی مسافر کو بلاجواز سفر سے نہیں روکا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیشہ ور بھکاریوں یا نامکمل سفری دستاویزات رکھنے والوں کو بیرونِ ملک جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، جبکہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں اور ان کی جگہ جیل ہے۔
دورے کے موقع پر ریجنل ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور علی ضیاء اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایئرپورٹ اویس بھی موجود تھے۔
