کراچی: کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے پاکستان رینجرز (سندھ) کے اشتراک سے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دو کروڑ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کر لیا ہے۔ یہ کارروائی کراچی کے علاقے الآصف اسکوائر، سہراب گوٹھ میں کی گئی۔
پاکستان رینجرز اور کسٹم کی مشترکہ کارروائی، کراچی میں بھاری مقدار میں اسمگل شدہ سگریٹ اور کاسمیٹکس برآمد
ترجمان ایف بی آر کے مطابق ضبط کیے گئے سامان میں اسمگل شدہ سگریٹ، گٹکا، شیشہ فلیور، ایرانی غذائی اشیاء، کاسمیٹکس، ٹوائلٹریز، ڈیری مصنوعات، مشروبات اور دیگر متفرق اشیاء شامل ہیں۔ برآمد شدہ اشیاء میں اسمگل شدہ سگریٹس کے 4 ہزار 859 ڈنڈے، شیشہ فلیور کے 258 ڈنڈے، گٹکا کے 2 ہزار 375 پیکٹس اور نسوار کے 57 پیکٹس شامل ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق تمام برآمد شدہ سامان تحویل میں لے کر کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر اور سخت کی جائیں گی۔
ترجمان ایف بی آر نے واضح کیا کہ ادارہ اسمگلنگ کے خاتمے اور قومی معیشت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔