کراچی: انسدادِ پولیو مہم کے پانچویں روز بھی ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی کی ہدایات پر ضلع بھر میں پولیو ٹیموں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
کراچی میں پولیس پر فائرنگ، ایک ملزم ہلاک، دوسرا فرار
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے مہم کے پانچویں روز مختلف پولیو کیمپس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعینات پولیس افسران و اہلکاروں سے ملاقات کی اور سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایس ایس پی ساؤتھ نے افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کی حفاظت ہر ممکن طریقے سے یقینی بنائی جائے تاکہ مہم کسی رکاوٹ کے بغیر کامیابی سے مکمل ہو سکے۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم میں عملی شرکت بھی کی اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ ملک کو پولیو جیسی موذی بیماری سے ہمیشہ کے لیے پاک کیا جا سکے۔
پولیس کے مطابق پولیو مہم کے دوران موبائل گشت کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل گشت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، تاکہ سیکیورٹی کے دائرہ کار کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
