میران شاہ: شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے زیرِ انتظام قبائلی مشران اور عمائدین کا ایک اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں علاقے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، امن و امان اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاکستان کے ہاتھوں رافیل طیاروں کی تباہی کے بعد بھارت مہنگے دفاعی سازوسامان کی خریداری کا خواہاں
جرگے سے خطاب کرتے ہوئے جی او سی نے شمالی وزیرستان میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے قبائلی عمائدین کے کلیدی کردار کو سراہا اور کہا کہ مقامی آبادی کا تعاون امن کے قیام میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
اجلاس کے دوران شرکاء کو علاقے میں سرگرم دہشت گرد عناصر کی جانب سے امن کو نقصان پہنچانے کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا، جبکہ مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔
جرگے میں شریک قبائلی عمائدین نے علاقے میں امن، جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور درپیش انتظامی مسائل سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔
قبائلی مشران نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ جرگے کا اختتام قومی یکجہتی، امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔