مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کراچی میں بڑھتی ہوئی بھتہ خوری، تاجروں اور سرمایہ کاروں کو لاحق سنگین خطرات، اور ریاستی خاموشی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں خوف کا راج قائم ہے اور بلڈرز و سرمایہ کار عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
گلشن اقبال: کھلے مین ہولز اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ پر اجلاس طلب
حیدری مارکیٹ کے تاجروں سے گفتگو میں آفاق احمد نے کہا کہ اگر شہر کے لوگ خوف کے عالم میں فوجی مدد کی اپیل کر رہے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ سول ادارے اور حکومت ریاستی رٹ قائم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔
آفاق احمد نے مزید کہا کہ شہر میں بھتہ مانگنے والے اتنے بے خوف ہیں کہ اپنا نام، نمبر اور اکاؤنٹ بھی کھلے عام بتا رہے ہیں، لیکن ریاست کہاں ہے؟ شہر بھر میں لگے کیمرے صرف تصویریں بنانے کے لیے ہیں یا جرائم روکنے کے لیے؟ اگر روکنے کے لیے ہیں تو پھر نتائج کہاں ہیں؟
انہوں نے انتباہ کیا کہ کاروبار سکڑ رہے ہیں، دفاتر بند ہو رہے ہیں اور لوگ اپنے سرمائے کے ساتھ ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ آفاق احمد نے کہا کہ جب انصاف کاغذوں میں اور طاقت سڑکوں پر ہو تو معاشرہ نہیں بلکہ جنگل بن جاتا ہے۔
چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے کہا کہ کراچی ہمارا شہر ہے، ہم نے اسے بسایا اور اس کی معیشت کو مضبوط کیا ہے، ہم اسے چند جرائم پیشہ گروہوں اور متعصب سندھ حکومت کے حوالے نہیں کر سکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر عوام اور تاجر برادری کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو شہر کے لوگ خاموش نہیں رہیں گے۔
