نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے مورخہ 17 دسمبر 2025 کو مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، ٹاؤن افسران اور دیگر بلدیاتی نمائندے بھی موجود تھے۔
کورنگی زمان ٹاؤن میں حفاظتی دیوار نہ ہونے سے بزرگ شہری نالے میں جاں بحق
چیئرمین محمد یوسف نے یونین کونسل نمبر 2 گلشنِ سعید میں پیور بلاک منصوبے کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور بتایا کہ ٹاؤن میں 600 گلیوں میں پیور بلاک لگانے کے منصوبے کے تحت کام جاری ہے۔ یونین کونسل 2 میں تقریباً 30 گلیوں میں پیور بلاک کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے، جس سے علاقہ مکینوں کے دیرینہ مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ سیوریج کے فرسودہ نظام کو بہتر بنانے کے لیے نئی سیوریج لائنیں بچھائی جا رہی ہیں، پینے کے پانی کی لائنوں کی مرمت اور نئی تنصیب کا عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ بوسیدہ نالوں کی دیواروں کی مرمت بھی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
چیئرمین نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کا اصل مقصد عوامی مسائل کو نچلی سطح پر حل کرنا ہے اور نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ اسی وژن کے تحت کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیو کراچی کو ماڈل ٹاؤن بنانے کے لیے ٹاؤن انتظامیہ اور عوامی نمائندے مل کر کام کر رہے ہیں اور ہماری سیاست عوامی خدمت کے لیے ہے، اقتدار کے لیے نہیں۔
دورے کے دوران علاقہ مکینوں نے ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا اور چیئرمین و ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
