کراچی: وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت بدھ کے روز نئے بلدیاتی قوانین کے ریفارم کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، اراکین اسمبلی سمیت افضال، قاسم سومرو، جمیل سومرو، قاسم نوید اور دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئے بلدیاتی قوانین کی تیاری کے دوران تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا اور ان سے تجاویز حاصل کی جائیں گی۔ تین ماہ کے اندر تمام تجاویز جمع کر کے فائنل سفارشات تیار کی جائیں گی۔ اجلاس میں یونین کونسل ڈپٹی میئرز اور ٹاؤن کے وائس چیئرمینوں کے اختیارات مضبوط کرنے کے لیے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
وزیر بلدیات نے بتایا کہ وزراء کی کھلی کچہریوں میں یونین کونسل فنڈز اور چیک اینڈ بیلنس کی شکایات موصول ہو رہی ہیں، اور چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت کے مطابق عوام کو ریلیف دینے کے لیے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں گے۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ہر علاقے اور ڈسٹرکٹ کی اسکیم کے فنڈز متعلقہ چیئرمین کو دیے جائیں گے، اور ہر یونین کونسل کی اسکیم کم از کم پانچ ملین روپے کی ہوگی۔
کمیٹی کا فوکل پرسن زین العابدین مقرر کیا گیا ہے۔
