ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر ڈیپورٹ ہونے والے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا۔
کراچی: اسٹریٹ کرائم میں ملوث تین ملزمان گرفتار، اسلحہ اور نقدی برآمد
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد احمد کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق گجرات سے بتایا جا رہا ہے۔ ملزم غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کر رہا تھا۔
امیگریشن حکام کے مطابق ملزم کو مالدووا سے جعلی سفری دستاویزات کی بنیاد پر ڈیپورٹ کیا گیا، جہاں امیگریشن کلیئرنس کے دوران اس کے سفری کاغذات جعلی ثابت ہوئے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے یورپ جانے کے لیے عدنان شریف نامی ایجنٹ سے رابطہ کیا تھا، جس نے 30 لاکھ روپے کے عوض غیر قانونی طور پر یورپ بھجوانے کا وعدہ کیا۔
تحقیقات کے مطابق ملزم سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے وزٹ ویزے پر بحرین گیا، جہاں سے ایجنٹ نے اسے آذربائیجان بھجوایا اور بعد ازاں مالدووا کا ای ویزا فراہم کیا۔ مزید انکشاف ہوا ہے کہ ایجنٹ کا منصوبہ ملزم کو مالدووا سے غیر قانونی سرحدی راستوں کے ذریعے دیگر یورپی ممالک منتقل کرنے کا تھا۔
ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے گرفتار ملزم کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا ہے۔
