کراچی: مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کی جانب سے سقوطِ ڈھاکہ اور سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کے ایصالِ ثواب کیلئے ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس سے پارٹی کے چیئرمین آفاق احمد نے خطاب کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ اس دعائیہ اجتماع کا مقصد نئی نسل کو ماضی کے سانحات اور تکلیف دہ واقعات سے سبق دلانا ہے تاکہ قوم آئندہ ایسی غلطیوں کو نہ دہرائے۔ انہوں نے کہا کہ سقوطِ ڈھاکہ کا درد آج بھی مہاجر قوم کے ہر فرد کے دل میں زندہ ہے، کیونکہ یہی وہ دن تھا جب اکثریت کو طاقت کے زور پر دبا کر ملک کو دولخت کیا گیا۔
آفاق احمد نے کہا کہ حمودالرحمان کمیشن کی رپورٹ میں واضح طور پر درج ہے کہ اقتدار عوامی لیگ کا حق تھا، مگر طاقت کے بے رحمانہ استعمال اور “ادھر ہم، ادھر تم” جیسے نعروں کے ذریعے کم نشستیں حاصل کرنے والی جماعت کو اقتدار سونپ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سقوطِ ڈھاکہ کے ذمہ دار تو اب دنیا میں نہیں رہے، مگر محصورینِ مشرقی پاکستان آج بھی پاکستان سے محبت کی سزا بھگت رہے ہیں۔ ان کے مطابق ریڈ کراس کے ریکارڈ میں موجود ہے کہ آج بھی محصورینِ مشرقی پاکستان ریڈ کراس کے 44 کیمپوں میں پاکستانی پرچم لہرا کر اپنے وطن واپسی کے منتظر ہیں، مگر نہ حکومت کو ان کی آواز سنائی دیتی ہے اور نہ ہی طاقت کے مراکز کو۔
سانحہ اے پی ایس کا ذکر کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ اس واقعے میں شہید ہونے والے بچوں کا درد پوری مہاجر قوم کے دل میں آج بھی موجود ہے۔ انہوں نے اس موقع پر شہداء کے والدین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
آفاق احمد نے کہا کہ طاقت کا استعمال یا تو دشمن کے خلاف کیا جاتا ہے یا پھر اپنوں کو دشمن بنانے کیلئے، اور 1971 میں طاقت کا استعمال اپنوں کو دشمن بنانے کیلئے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی عوامی خواہشات اور مطالبات کو طاقت کے ذریعے دبایا جا رہا ہے، جو ملک کو ایک بار پھر خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اپنوں پر طاقت استعمال کرنے اور غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے کے بجائے انہیں اقتدار میں شراکت دار بنایا جائے۔ آفاق احمد نے واضح کیا کہ محصورینِ مشرقی پاکستان ہمارے بھائی ہیں اور اگر حکومت صرف انہیں پاسپورٹ جاری کر دے تو انہیں واپس لانے کے تمام اخراجات مہاجر قومی موومنٹ برداشت کرے گی، چاہے اس کیلئے بھیک ہی کیوں نہ مانگنی پڑے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے سانحہ اے پی ایس اور شہدائے مشرقی پاکستان کیلئے دعائے مغفرت کی۔
